وجے واڑہ3جون(آئی این ایس انڈیا)آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ این چندر بابو نائیڈو نے ریاست کی تقسیم کے دو سال گزر جانے کے باوجود آندھرا پردیش تنظیم نوایکٹ، 2014کی نویں اور دسویں دفعہ کے تحت مرکز کے سرکاری اداروں کی تقسیم کا کام مکمل نہیں کئے جانے پرآج ناراضگی کا اظہار کیا۔نائیڈو نے کہا کہ یہ دونوں پڑوسی ریاستوں کے درمیان پریشانی پیدا کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ مرکزکی ذمہ داری ہے کہ وہ مسائل کو تیزی سے حل کرے۔نائیڈو کے دفتر کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز میں بتایاگیاکہ نائیڈو نے یہاں اپنی رہائش گاہ سے 5600افسران، ٹی ڈی پی ممبران اسمبلی اور دیگر عوامی نمائندوں کو ٹیلی کانفرنس کے ذریعے خطاب کیا اور ریاست کی تقسیم سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔نائیڈو نے تقسیم سے آندھرا پردیش کو ہوئے آمدنی خسارے کی تلافی کے لئے صرف 2300کروڑ روپے جاری کرنے کے لئے مرکز کے تئیں ناراضگی ظاہر کی۔انہوں نے کہاکہ تقسیم کے بعد پہلے سال میں ہمارا آمدنی نقصان 16ہزار کروڑ روپے کا ہے لیکن مرکز نے نقصان کی بھرپائی کیلئے صرف2300کروڑروپے جاری کئے۔